ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار میں آدھی رات کے وقت اچانک ٹوٹ گیا کالی ندی کا پرانا پُل - چلتا ٹرک ندی میں گر گیا - ڈرائیور کو بچا لیا گیا

کاروار میں آدھی رات کے وقت اچانک ٹوٹ گیا کالی ندی کا پرانا پُل - چلتا ٹرک ندی میں گر گیا - ڈرائیور کو بچا لیا گیا

Wed, 07 Aug 2024 10:39:45    S.O. News Service

کاروار 7 / اگست (ایس او نیوز) کاروار کے کوڈی باغ میں  نیشنل ہائی وے 66 پر کالی ندی کے اوپر بنا ہوا کاروار اور سداشیو گڑھ کو جوڑنے والا پرانا پُل  منگل اور بدھ کی درمیانی رات تقریباً ایک بجے اچانک ٹوٹ گیا جس کی وجہ سے نیشنل ہائی وے پرسدا شیو گڑھ اور کاروار کا رابطہ منقطع ہوگیا ہے اور دونوں طرف ٹریفک جام لگ گیا ہے ۔

    معلوم ہوا ہے کہ نیشنل ہائی وے 66 پر اتر کنڑا اور گوا کوجوڑنے والا یہ پُل ایک نجی ٹھیکیدار کمپنی کے ذریعے تقریباً 39  سال قبل تعمیر کیا گیا تھا ۔ اس حادثے کی وجہ سے گوا سے ہبلی کی طرف جانے والا تملناڈو کا ایک خالی ٹرک ندی میں گر گیا ۔ معلوم ہوا ہے کہ یہ ٹرک کوئلہ خالی کروانے کے بعد واپس لوٹ رہا تھا ۔ ٹرک ندی میں گرنے کے بعد کیبن کا سامنے والا شیشہ توڑ کر ڈرائیور بال مورگن باہر نکلا اور کیبن کے اوپر چڑھ کر مدد کے لئے پکارنے لگا ۔ اس وقت پیٹرولنگ کرنے والی پولیس ٹیم وہاں سے گزر رہی تھی جس نے یہ منظر دیکھنے کے بعد فوراً اپنے افسران کو اطلاع دے دی ۔ اس کے بعد موقع پر پہنچنے والے فائر سروس ، کوسٹل سیکیوریٹی پولیس اور مقامی ماہی گیروں نے مصیبت میں پھنسے ڈرائیور مورگن کو بچانے کی کارروائی انجام دی اور اسے علاج کے لئے اسپتال میں داخل کروا دیا ۔ 

    پُل گرنے کے دوران اس کے ساتھ کسی اور موٹر گاڑی یا افراد کے ندی میں گرنے یا ڈوبنے کے امکانات کے پیش نظر این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف، کوسٹل پولیس اور مقامی ماہی گیروں کی طرف سے تلاشی مہم بھی چلائی گئی ۔ 

    پتہ چلا ہے کہ جب پُل کے اوپر سے ٹرک گزر رہا تھا اچانک پُل کا اگلا حصہ ٹوٹ گیا ۔ پھر اس کے بعد مزید دو جگہوں سے پُل ٹوٹ گیا ۔ کاروار اور چیتاکول پولیس کا عملہ اس مقام پر مستقل نگرانی کی ذمہ داری انجام دے رہا ہے ۔

اُترکنڑا    ڈپٹی کمشنر لکشمی پریا، ایس پی ایم نارائن، اسسٹنٹ پولیس سپرنٹنڈنٹ جئے کمار اور ڈی وائی ایس پی گریش نے جائے حادثہ پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا ہے۔

    ڈپٹی کمشنر لکشمی پریا نے ندی پر تعمیر شدہ نئے پُل پر ٹریفک جاری کرنے کے لئے اس کے استحکام اور مضبوطی کے تعلق سے فوری طور پر سرٹفکیٹ فراہم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے نیشنل ہائی وے اتھاریٹی اور روڈ ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ کو مراسلہ روانہ کیا ہے ۔      

    پُرانے پُل کے اس حادثے کے بعد نیشنل ہائی وے اتھاریٹی اور ٹھیکیدار کمپنی آئی آر بی کے خلاف کاروار شہری پولیس تھانے میں کیس درج کیا گیا ہے ۔ 


Share: